Ethics & Religion

Dedicated to ethics, religious tolerance, peace and love

اخلاقیات اور مذہب

اعلیٰ اخلاقی رویوں، مذہبی رواداری ، امن اور محبت سے وابستہ

Home

Risk Management

Adventure & Tourism

Ethics & Religion

Install Urdu Font

Urdu Setup

Your Comments

About the Author

اگلا صفحہ                                                    فہرست                                     پچھلا صفحہ

باب 3: اسلامی قانون کا علم

نوٹ: اس مقام سے لے کر کتاب کے آخر تک ربیع نے امام شافعی رحمۃ اللہ علیہما کے مکالموں کو سوال جواب کی صورت میں نقل کیا ہے۔ اس ترجمہ میں ہم سوال کرنے والی شخص کی بات کو "سائل:" اور امام شافعی کے جواب کو "شافعی:" کے تحت بیان کریں گے۔

سائل: دینی قانون کا علم کیا ہے اور ایک شخص کو یہ کتنا جاننا چاہیے؟

شافعی: قانونی علم کے دو درجے ہیں۔ ایک درجہ تو وہ ہے جو ہر معقول اور بالغ شخص کے لئے جاننا ضروری ہے۔ یہ علم عام (و خاص) ہر قسم کے افراد کے لئے ہے۔

سائل: کوئی مثال دیجیے۔

شافعی: مثلاً یہ کہ دن میں پانچ نمازیں فرض ہیں۔ روزہ رکھنا اللہ تعالی نے فرض کیا ہے۔ جب بھی ممکن ہو بیت اللہ کا حج کرنا ضروری ہے۔ مال پر زکوۃ دینی چاہیے۔ اللہ تعالی نے سود، زنا، قتل، چوری، اور شراب سے منع کیا ہے۔ اس معاملے میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔

یہ وہ احکام ہیں جنہیں سمجھنا، ان پر عمل کرنا، ان پر عمل کرنا، اپنے جان و مال کے ذریعے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنا اور حرام کئے گئے کاموں سے بچنا ہر شخص پر لازم ہے۔ یہ تمام احکام اللہ کی کتاب، واضح نص میں بیان کئے گئے ہیں اور مسلمانوں میں ان پر عام طور پر عمل کیا جاتا ہے۔ لوگ انہیں نسل در نسل (قولی و عملی تواتر کے ذریعے) منتقل کرتے ہیں اور یہ سلسلہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم سے چلا آ رہا ہے۔ ان احکام کے منتقل کرنے یا ان کی فرضیت میں (امت مسلمہ میں) کوئی اختلاف نہیں ہے۔

          یہ وہ علم ہے جس سے متعلق معلومات اور اس کی تشریح ہر طرح کے غلطیوں سے پاک ہے۔ اس میں کسی قسم کا اختلاف کرنے کی گنجائش نہیں ہے۔

سائل: دوسری قسم کیا ہے؟

شافعی: یہ وہ فروعی اور تفصیلی احکام و فرائض ہیں جن کے بارے میں اللہ کی کتاب کے متن میں کوئی بات نہیں ملتی اور نہ ہی ان کے بارے میں سنت میں کوئی چیز وارد ہوئی ہے۔ جہاں کہیں بھی اس بارے میں کوئی سنت ملتی ہے تو وہ عام لوگوں کی بجائے چند اشخاص کے ذریعے ہم تک پہنچتی ہے۔ عقل کے استعمال کے ذریعے اس کی توجیہ (Interpretation) کی جا سکتی ہے اور اس میں قیاس سے بھی کام لیا جا سکتا ہے۔

سائل: کیا اس قسم کے دینی علم پر بھی اسی درجے میں عمل کرنا لازم ہے جیسا کہ پہلی قسم کے علم کے سلسلے میں ہے۔ یا پھر لوگوں کے لئے اسے جاننا ضروری نہیں ہے یا پھر کیا اسے جاننا (فرض کی بجائے) نفل کے درجے میں ہے؟ جو شخص اسے جاننے کی کوشش نہیں کرتا کیا وہ گنہگار تو نہیں ہوتا؟ یا پھر دینی علم کی کوئی تیسری قسم بھی ہے جسے ہم خبر یا قیاس کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں؟

شافعی: جی ہاں، علم کی ایک تیسری قسم بھی ہے۔

سائل: کیا آپ اس کی وضاحت فرمائیں گے؟ برائے مہربانی اس کا ماخذ بھی بتائیے اور یہ بھی ارشاد فرمائیے کہ اس میں سے کیا چیز فرض ہے، کس پر فرض ہے اور کس پر فرض نہیں ہے؟

شافعی: اس قسم کے علم کا حصول عام آدمی کے بس کی بات نہیں۔ ان علوم کو حاصل کرنے کے تمام اسپیشلسٹ لوگ بھی مکلف نہیں ہیں لیکن جس شخص کو یہ حاصل ہو جائے وہ اسے نظر انداز نہیں کر سکتا۔ اگر کچھ افراد نے اس علم کو حاصل کر لیا ہے تو دوسرے لوگ پر یہ ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ بھی لازما اسے حاصل کریں۔ ہاں جن لوگوں نے اس پر محنت کر کے یہ علم حاصل کیا ہے، ان کا درجہ ان سے بلند ہے جنہوں نے اسے حاصل نہیں کیا۔

سائل: کیا آپ کوئی نص یا کوئی اور متعلقہ دلیل اس ضمن میں بیان فرمائیں گے جسے اس قسم کے علم پر قیاس کیا جائے؟

شافعی: اللہ تعالی نے اپنی کتاب میں جہاد کرنے کا حکم بیان کیا ہے اور یہ حکم اس کے رسول صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی زبان مبارک سے جاری ہوا۔ اللہ تعالی نے جہاد کی ذمہ داری کو ادا کرنے کے لئے نکلنے کا حکم اس طرح دیا ہے:

اِنَّ اللَّهَ اشْتَرَى مِنْ الْمُؤْمِنِينَ أَنفُسَهُمْ وَأَمْوَالَهُمْ بِأَنَّ لَهُمْ الْجَنَّةَ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَيَقْتُلُونَ وَيُقْتَلُونَ وَعْداً عَلَيْهِ حَقّاً فِي التَّوْرَاةِ وَالإِنجِيلِ وَالْقُرْآنِ وَمَنْ أَوْفَى بِعَهْدِهِ مِنْ اللَّهِ فَاسْتَبْشِرُوا بِبَيْعِكُمْ الَّذِي بَايَعْتُمْ بِهِ وَذَلِكَ هُوَ الْفَوْزُ الْعَظِيمُ۔

حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے مومنوں سے ان کے جان و مال جنت کے بدلے خرید لئے ہیں۔ وہ اللہ کی راہ میں لڑتے ہیں اور مرتے اور مارتے ہیں۔ ان سے جنت کا وعدہ تورات، انجیل اور قرآن میں اللہ کی طرف سے حق ہے  اور اللہ سے بڑھ کر کون ہے جو اپنا عہد پورا کرنے والا ہو۔ پس خوشیاں مناؤ اپنے اس سودے پر جو تم نے خدا سے چکا لیا ہے۔ یہی بڑی کامیابی ہے۔ (توبہ 9:111)

وَقَاتِلُوا الْمُشْرِكِينَ كَافَّةً كَمَا يُقَاتِلُونَكُمْ كَافَّةً وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ مَعَ الْمُتَّقِينَ ۔

ان مشرکین سے مل کر لڑو جیسا کہ وہ تم سے مل کر لڑتے ہیں اور جان لو کہ اللہ متقیوں کے ساتھ ہی ہے۔ (توبہ 9:36)

فَاقْتُلُوا الْمُشْرِكِينَ حَيْثُ وَجَدْتُمُوهُمْ وَخُذُوهُمْ وَاحْصُرُوهُمْ وَاقْعُدُوا لَهُمْ كُلَّ مَرْصَدٍ فَإِنْ تَابُوا وَأَقَامُوا الصَّلاةَ وَآتَوْا الزَّكَاةَ فَخَلُّوا سَبِيلَهُمْ إِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَحِيمٌ ۔

جہاں پاؤ مشرکین کو قتل کرو، اور انہیں پکڑو اور گھیرو اور ہر گھات میں ان کی خبر لینے کے لئے بیٹھو۔ پھر اگر وہ توبہ کر لیں، نماز قائم کریں اور زکوۃ دیں تو ان کا راستہ چھوڑ دو۔ بے شک اللہ درگزر کرنے والا اور رحم کرنے والا ہے۔ (توبہ 9:5)

قَاتِلُوا الَّذِينَ لا يُؤْمِنُونَ بِاللَّهِ وَلا بِالْيَوْمِ الآخِرِ وَلا يُحَرِّمُونَ مَا حَرَّمَ اللَّهُ وَرَسُولُهُ وَلا يَدِينُونَ دِينَ الْحَقِّ مِنْ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ حَتَّى يُعْطُوا الْجِزْيَةَ عَنْ يَدٍ وَهُمْ صَاغِرُونَ ۔

جنگ کرو ان اہل کتاب سے جو اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان نہیں لاتے اور جو اللہ اور اس کے رسول نے حرام کیا ہے اسے حرام نہیں کرتے اور اور دین حق کو اپنا دین نہیں بناتے۔ ان سے اس وقت تک جنگ کرو یہاں تک کہ وہ اپنے ہاتھ سے جزیہ دیں اور چھوٹے بن کر رہیں۔ (توبہ 9:29)

شافعی: (یہ حدیث بھی ہے۔)

عبدالعزیز بن محمد الدراداوردی روایت کرتے ہیں محمد بن عمرو بن علقمہ اور وہ ابو سلمہ سے اور وہ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: میں اس وقت تک ان مشرکین سے جنگ کروں گا جب تک وہ اس بات کا اقرار نہ کر لیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے۔ اگر وہ اس بات کو تسلیم کر لیں تو انہوں نے اپنی جان و مال کو محفوظ کر لیا سوائے اس کے کہ انہیں اس کی قیمت دی جائے اور ان کا اجر اللہ تعالی عطا کرے گا۔ (سنن ابو داؤد)

اللہ تبارک و تعالی کا ارشاد ہے:

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا مَا لَكُمْ إِذَا قِيلَ لَكُمْ انفِرُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ اثَّاقَلْتُمْ إِلَى الأَرْضِ أَرَضِيتُمْ بِالْحَيَاةِ الدُّنْيَا مِنْ الآخِرَةِ فَمَا مَتَاعُ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا فِي الآخِرَةِ إِلاَّ قَلِيلٌ۔ إِلاَّ تَنفِرُوا يُعَذِّبْكُمْ عَذَاباً أَلِيماً وَيَسْتَبْدِلْ قَوْماً غَيْرَكُمْ وَلا تَضُرُّوهُ شَيْئاً وَاللَّهُ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ ۔

اے ایمان والو! تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ جب تم سے اللہ کی راہ میں نکلنے کے لئے کہا گیا تو تم زمین سے چمٹ کر رہ گئے؟ کیا تم نے آخرت کی زندگی کے بدلے دنیا کی زندگی کو پسند کر لیا؟ ایسا ہے تو تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ دنیا کی زندگی کا یہ سامان آخرت میں بہت ہی کم نکلے گا۔ تم نہ اٹھو گے تو اللہ تمہیں درد ناک سزا دے گا اور تمہاری جگہ کسی اور گروہ کو اٹھائے گا اور تم اس کا کچھ نہ بگاڑ سکو گے کیونکہ اللہ ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔ (توبہ9:38-39 )

انفِرُوا خِفَافاً وَثِقَالاً وَجَاهِدُوا بِأَمْوَالِكُمْ وَأَنفُسِكُمْ فِي سَبِيلِ اللَّهِ ذَلِكُمْ خَيْرٌ لَكُمْ إِنْ كُنتُمْ تَعْلَمُونَ ۔

(جہاد کے لئے نکلو) خواہ ہلکے ہو یا بوجھل۔ اور جہاد کرو اللہ کی راہ میں اپنے مالوں اور جانوں کے ساتھ۔ یہ تمہارے لئے بہتر ہے اگر تم جانو۔ (توبہ9:41 )

ان آیات سے ایک تو اس معنی کا احتمال ہے کہ جہاد اور اللہ کی راہ میں مسلح ہو کر نکلنا، ہر اس صاحب ایمان پر فرض ہے جو جسمانی طور پر اس کے قابل ہو۔ اس سے کسی کو استثنا حاصل نہیں ہے۔ یہ حکم ایسا ہی ہے جیسا کہ نماز، زکوۃ اور حج فرض ہے۔ کوئی شخص دوسرے کی جگہ یہ فریضہ انجام نہیں دے سکتا کیونکہ ایک شخص کی ادائیگی سے دوسرا شخص بری الذمہ نہیں ہو جاتا۔

          دوسرا احتمال یہ بھی ہے کہ جہاد ایک اجتماعی فرض ہے جو کہ نماز کی طرح ہر شخص پر فرداً فرداً لازم نہیں ہے۔ یہ فرض کفایہ ہے۔ جن افراد نے مشرکین کے خلاف جہاد کیا، انہوں نے دوسروں کا فرض بھی ادا کر دیا لیکن ان کا درجہ اور اجر کہیں زیادہ ہو گا کیونکہ انہوں نے پیچھے رہ جانے والوں کو بھی (جہاد نہ کرنے کے) گناہ سے بچا لیا۔

لا يَسْتَوِي الْقَاعِدُونَ مِنْ الْمُؤْمِنِينَ غَيْرُ أُوْلِي الضَّرَرِ وَالْمُجَاهِدُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنفُسِهِمْ فَضَّلَ اللَّهُ الْمُجَاهِدِينَ بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنفُسِهِمْ عَلَى الْقَاعِدِينَ دَرَجَةً وَكُلاًّ وَعَدَ اللَّهُ الْحُسْنَى وَفَضَّلَ اللَّهُ الْمُجَاهِدِينَ عَلَى الْقَاعِدِينَ أَجْراً عَظِيما ۔

مومنوں میں سے وہ جو بغیر کسی عذر کے گھر بیٹھے رہتے ہیں اور وہ جو اللہ کی راہ میں جان و مال کے ساتھ جہاد کرتے ہیں، دونوں کی حیثیت یکساں نہیں ہے۔ اللہ نے بیٹھنے والوں کی نسبت جہاد کرنے والوں کا درجہ بڑا کر رکھا ہے۔ اگرچہ ہر ایک کے لئے اللہ نے بھلائی ہی کا وعدہ کر رکھا ہے مگر اس کے ہاں مجاہدوں کی خدمات کا بدلہ بیٹھے رہ جانے والوں کی نسبت بہت زیادہ ہے۔ (النساء4:95  )

اگرچہ ان آیات کے الفاظ سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ ذمہ داری سب لوگوں پر فرض ہے (لیکن جہاد دراصل فرض کفایہ ہے۔)

سائل: آپ کے اس نقطہ نظر کی کیا دلیل ہے کہ اگر کچھ افراد اس فرض کو ادا کر دیں تو باقی سب کی طرف سے بھی یہ ذمہ داری ادا ہو جاتی ہے اور وہ گنہگار نہ ہوں گے؟

شافعی: یہ اسی آیت میں ہے جو میں نے آپ کے سامنے بیان کی۔

سائل: اس کے کون سے حصے میں؟

شافعی: اس حصے میں جس میں اللہ تعالی نے فرمایا وَكُلاًّ وَعَدَ اللَّهُ الْح&#